26 مارچ ، 2022
وفاقی وزارت داخلہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈال دیا گیا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید کی زیرصدارت کابینہ کی ای سی ایل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں پیپلزپارٹی کے ایم این اے جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق جام عبدالکریم کا نام ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ہونےکے باعث ای سی ایل میں ڈالا گیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کو جام عبدالکریم کا ریڈ وارنٹ بھی جاری کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کو دبئی سے لایا جارہا ہے، انہیں گرفتار کیا جائے گا۔