Time 27 مارچ ، 2022
کھیل

زمپا نے پاکستان کیخلاف وائٹ بال سیریز کو ایک مشکل چیلنج قرار دیدیا

ہمارے کھلاڑی زیادہ تجربے کار نہیں ہیں: ایڈم زمپا/ فوٹو فائل
ہمارے کھلاڑی زیادہ تجربے کار نہیں ہیں: ایڈم زمپا/ فوٹو فائل

آسٹریلیا کی وائٹ بال ٹیم میں شامل لیگ اسپنر  ایڈم زمپا کا کہنا ہے کہ  پاکستان کے کپتان بابر اعظم  اور وکٹ کیپر بیٹر محمد  رضوان کی اسٹرینتھ کا پتہ ہے، ان کے خلاف پلان خود بناؤں گا۔

لاہور میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی ایڈم زمپا کا کہنا تھا کہ ہم نے کافی عرصے سے ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلی جبکہ ہمارے کھلاڑی بھی زیادہ تجربے کار نہیں ہیں۔

زمپا کا کہنا تھا کہ ہمارے بولنگ اٹیک میں بالروں نے بہت کم ون ڈے میچز کھیلے ہیں، کچھ بولرز نے ابھی ون ڈے میچز نہیں کھیلے لہٰذا سیریز ان کے لیے بڑی اہم ہے کیوں کہ بولروں کو اس سیریز سے بہت تجربہ ملے گا۔

 آسٹریلوی اسپنر نے کہا کہ پاکستان کی ون ڈے ٹیم بہت اچھی ہے اور ان کے ساتھ ہمیشہ اچھا مقابلہ ہوتا ہے، پاکستان میں  ون ڈے سیریز ہمارے لیے ایک مشکل چیلنج ہے لیکن امید ہے کہ ہم مشکل چیلنج پر پورا اتریں گے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے کسی بیٹر کو ٹارگٹ نہیں کیا، میرا رول جو مینجمنٹ نے دیا ہے اس کے مطابق کھیلنا ہے تاہم بابر اعظم اور محمد رضوان کی اسٹرینتھ کا پتہ ہے ان کے خلاف میں خود پلان کروں گا۔

 آسٹریلوی کھلاڑی نے پاکستان کے دورے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر میں ہی نہیں سب پرجوش ہیں، گرم موسم کی وجہ سے مشکل نہیں ہو گی کیونکہ آسٹریلیا میں بھی بہت گرمی پڑتی ہے لیکن کنڈیشن تھوڑی مختلف ہوتی ہے۔

مزید خبریں :