27 مارچ ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو کسی صورت آسان نہیں لے سکتے۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے آن لائن پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں آئندہ ہفتے کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز سے متعلق بات کی۔
انھوں نے کہا کہ آسٹریلوی اسکواڈ کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں ناتجربہ کار ضرور ہیں لیکن انہیں ڈومیسٹک کا تجربہ ہے، آسٹریلوی کرکٹرز بگ بیش لیگ کھیلتے ہوئے آرہے ہیں جو ایک اعلیٰ پائے کی لیگ ہے، آسٹریلیا سے سیریز کو کسی صورت آسان نہیں لے سکتے۔
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ہم ہی نہیں آسٹریلیا بھی پرجوش ہے، شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، آسٹریلیا ایک بڑی ٹیم ہے تاہم پاکستان ٹیم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھائے گی اور سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
دوران گفتگو حارث رؤف نے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ ٹیسٹ میچ کھیلنا میرا خواب ہے، ٹیسٹ اسکواڈ میں تھا لیکن پہلے کوروناکا شکار ہو گیا اور بعد ازاں کمبی نیشن کی وجہ سے پلیئنگ الیون کا حصہ نہ بن سکا۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز بہت اچھی ہوئی، فینز کرکٹ سے لطف اندوز ہوئے، نسیم شاہ اور دیگر بولروں نے عمدہ بولنگ کی، امید ہے کہ جلد مجھے بھی موقع ملے گا۔
اس حوالے سے مزید گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاکستان ٹیم کے موجودہ بولنگ کوچ شان ٹیٹ کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے، ان کے ساتھ کام کر رہا ہوں اور وہ چاہتے ہیں کہ ڈیتھ اوورز میں بولنگ اچھی ہونی چاہیے، اب وہ مجھے ٹریننگ کے دوران اس حوالے سے بتائیں گے۔