29 مارچ ، 2022
روسی افواج کے حملوں سے متاثرہ ملک یوکرین کی ایک خاتون نے روسی فوجیوں کے گھر میں گھس کر شوہر کو قتل کرنے اور متعدد بار زیادتی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، خاتون کا کہنا ہے کہ انھیں 9 مارچ کو روسی فوجیوں کی جانب سے کئی بار زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے بیان میں خاتون نے بتایا کہ حملے کے روز انھیں اپنے گھر میں زور دار فائرنگ کی آواز سنائی دی جس کے بعد روسی فوجی ان کے گھر میں داخل ہوئے اور ان کے پالتو کتے اور شوہر کو فائرنگ کرکے مارڈالا۔
خاتون کے مطابق، انھوں نے رونا شروع کردیا جس پر ایک فوجی نے ان کے سر پر بندوق رکھی اور بتایا کہ انھوں نے میرے شوہر کو قتل کردیا ہے کیوں کہ وہ نازی ہیں۔
خاتون کے مطابق، انھوں نے اپنے 4 سالہ بیٹے کو بوائلر روم میں چھپنے کا کہا تاہم اس کے بعد فوجیوں نے ان کے ساتھ کئی بار زیادتی کی اور دھمکی دی کہ اگر چیخنے کی کوشش کی تو بیٹے کے سامنے مغز کھول کر رکھ دیں گے، بعد ازاں ان کا بیٹا اور وہ گھر میں شوہر کی لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
خاتون کے مطابق، ان کے شوہر کی لاش تاحال روسی فوجیوں کے قبضے میں ہے جس کے باعث وہ لاش کو اب تک دفنا بھی نہیں سکی ہیں۔ انھوں نے اب تک بیٹے کو یہ تک نہیں بتایا کہ ان کے والد کو قتل کردیا گیا ہے۔
یوکرین کی حکومت نے خاتون سے زیادتی اور قتل کے الزمات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔