26 مارچ ، 2022
امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرینی پناہ گزینوں سے ملاقات کے بعد روسی صدر پیوٹن کو قصائی قرار دے دیا۔
پولینڈ میں یوکرینی پناہ گزینوں سے ملاقات کے بعد جب امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ ان کا صدر پیوٹن کے بارے میں کیا خیال ہے تو بائیڈن نےکہا وہ قصائی ہے۔
امریکی صدر بائیڈن کی پولینڈ میں یوکرین کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سے بھی ملاقات ہوئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ملاقات میں امریکا نے یوکرین کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لیے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا۔
یوکرینی وزیرخارجہ دمترو کلیبا کا کہنا ہے کہ امریکی صدر سے ماریوپول کی صورت حال پر بات کی گئی۔
امریکی صدر نے یوکرین کو امریکا کے مزید تعاون کا یقین دلایا ہے، یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے امریکی صدر بائیڈن کی یوکرینی اعلیٰ عہدیداروں سے یہ پہلی ملاقات ہے۔