پاکستان

پہلے عدم اعتماد سے نمٹ لیں پھر بزدار کا استعفیٰ گورنر کو بھجوایا جائےگا، وزیراعظم

اسلام آباد :  وزیراعظم عمران خان سے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات  ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ دکھایا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پرویز الٰہی سے گفتگو میں کہا کہ پہلےعدم اعتماد سے نمٹ لیں، پھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ گورنر پنجاب کو بھجوایا جائےگا۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ گورنر پنجاب کو جس دن استعفیٰ بھجوایا جائے گا اسی روز منظور ہوجائے گا۔

منحرف اراکین کے تمام تحفظات دور کردیں گے، وزیراعظم

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چوہدری پرویز الٰہی کو تحریک انصاف کے منحرف اراکین کی واپسی کاٹاسک بھی سونپ دیا۔

ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی نے منحرف ارکان سے روابط سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا اور بتایا کہ منحرف ارکان کے شدید تحفظات ہیں جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ وہ منحرف اراکین کے تمام تحفظات دور کردیں گے۔

وزیراعظم نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ منحرف اراکین کی واپسی کی صورت میں پارٹی میں ان کی عزت پرکوئی حرف نہیں آئےگا۔

منحرف ارکان کے حلقے کے مسائل اور فنڈز دلوانا پرویز الٰہی کے ذمہ ہو گا، ذرائع

ذرائع کے مطابق منحرف ارکان کی واپسی کی صورت میں پرویز الٰہی ضمانتی ہوں گے، منحرف ارکان کے حلقے کے مسائل اور فنڈز دلوانا پرویز  الٰہی کے ذمہ ہو گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پرویز الٰہی سے گفتگو میں مزید کہا کہ اپوزیشن کوبری طرح ہرانا میرا مشن ہے جس پر پرویز الٰہی نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے میں مکمل کردار ادا کروں گا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر کارروائی آگے بڑھانے میں تاخیر کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق میں عدم اعتماد پر فیصلہ آنے کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایاجائے۔

خیال رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اتحادی جماعتوں کو اپنے ساتھ رکھنے کی غرض سے وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفیٰ لے کر ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا ہے۔

ق لیگ کے اس فیصلے پر اپوزیشن نے حیرانی کا اظہار کیا ہے کیوں کہ ان کے مطابق ق لیگ نے انہیں بھی حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی اور اچانک وزارت اعلیٰ قبول کرلی۔

اس معاملے پر آصف زرداری جلد ق لیگ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کی جاچکی ہے اور وزیر داخلہ شیخ رشید کے مطابق اس پر ووٹنگ 3 اپریل کو ہوگی۔

مزید خبریں :