Time 30 مارچ ، 2022
انٹرٹینمنٹ

'سر عام اظہار محبت کرنیوالوں کا پتا چل جاتا ہے کہ گھر میں ان کا کیس خراب ہے‘

ایک دوسرے کو پیار کرو اور اپنے اندر برداشت رکھو، اگر ایسا کیا تو زندگی بہت اچھی گزرے گی: اداکار__فوٹو: اسکرین گریب
ایک دوسرے کو پیار کرو اور اپنے اندر برداشت رکھو، اگر ایسا کیا تو زندگی بہت اچھی گزرے گی: اداکار__فوٹو: اسکرین گریب

سینئر اداکار بہروز سبزواری نے شوبز کی جوڑیوں کے سر عام محبت کا اظہار کرنے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں اپنی اہلیہ سفینہ بہروز کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کرنے والے بہروز سبزواری کی میزبان نے ازدواجی زندگی کی تعریف کی اور کہا کہ آپ کا اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک خوبصورت تعلق ہے، اس کی کیا وجہ ہے۔

جواب میں بہروز سبزواری نے کہا کہ ہم عوام کے سامنے جھگڑا نہیں کرتے جس پر ان کے ہمراہ شو کے میزبانوں نے بھی قہقہ لگادیا۔

اداکار نے کہا کہ میں نے اکثر دیکھا ہے کہ کچھ شادی شدہ جوڑے اتنے زیادہ اوور ہوجاتے ہیں کہ سر عام ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے ہیں جو کہ میری نظر میں ایک جعلی چیز ہے۔

بہروز سبزواری کا  کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے لیے محبت دل میں ہونی چاہیے، چونکہ ہم مشاہدے میں ماہر ہیں لہٰذا پتا چل جاتا ہے کہ کون خالص ہے اور کون نہیں، ایسے جوڑوں کے بارے میں ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا گھر میں کیس خراب ہے اور عوام کو دکھانے کے لیے یہ سب کیا جارہا ہے۔

اداکار نے ان تمام جوڑوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دل سے ایک دوسرے کو پیار کرو اور اپنے اندر برداشت رکھو، اگر ایسا کیا تو زندگی بہت اچھی گزرے گی۔

مزید خبریں :