Time 30 مارچ ، 2022
پاکستان

ترین گروپ نے پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس طلب کرلیا

لاہور: ملک کی موجود سیاسی صورت حال پر حتمی فیصلہ کرنے کے لیے ترین گروپ نے باضابطہ مشاورتی اجلاس کل لاہور میں طلب کر لیا۔

ترجمان ترین گروپ عون چوہدری کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی صورت حال پر غیر رسمی مشاورت آج بھی جاری رہے گی تاہم باضابطہ اجلاس کل شام 5 بجے اسحاق خاکوانی کی رہائش گا ہ پر ہو گا۔

عون چوہدری کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ارکان پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزراء کو مدعو کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزراء، مسلم لیگ ن اور چوہدری برادران کے رابطوں کا جائزہ لیا جائے گا، پنجاب میں کس کی حمایت کرنا ہے، اجلاس میں اس حوالے سے پالیسی بنائی جائے گی۔

دوسری جانب تحریک انصاف ہم خیال چھینہ گروپ نے بھی مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔

غضنفر چھینہ کا کہنا ہے کہ اجلاس آج دوپہر ہو گا، تین سے چار روز مشاورت جاری رہے گی، ہم خیال گروپ پرویز الٰہی کی نامزدگی کے حوالے سے صورت حال کا جائزہ لے گا، چوہدری پرویز الٰہی کو سپورٹ کرنا ہے یا نہیں، اس پر بھی مشاورت ہو گی، اجلاس میں اپوزیشن کے رابطوں پر بھی مشاورت ہو گی۔

خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے بعد پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروا رکھی ہے۔

مزید خبریں :