30 مارچ ، 2022
بھارت میں عین شادی کے موقع پر دلہا کے شادی سے انکار کا ایک اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والے شخص اور اس کی فیملی نے عین شادی کے وقت انکار کیا اور اس انکار کی وجہ دلہن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے مرد صارفین کو بھیجے گئے غیر مناسب پیغامات تھے۔
دلہن کا کہنا تھا کہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے غیر مناسب میسج اس نے نہیں بھیجے بلکہ اس کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کیا گیا جس کے بعد یہ میسجز بھیجے گئے۔
دلہن کے مطابق وہ کافی عرصے سے سوشل میڈیا پر ایکٹو نہیں تھی، شادی سے کچھ عرصہ قبل اس کے مرد دوستوں نے بتایا کہ اس کے اکاؤنٹ سے کچھ غیر مناسب میسجز موصول ہوئے جس کے بعد ان میسجز کے اسکرین شاٹس دلہن کے حلقہ احباب میں بھیجے گئے۔
رپورٹس کے مطابق لڑکی کے سوشل میڈیا میسجز کے اسکرین شاٹس شادی سے کچھ دیر قبل دلہا اور اس کے اہل خانہ تک بھی پہنچ گئے جس کے بعد دلہا نے شادی سے انکار کردیا۔
دلہن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس کا اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے جس کے بعد اکاؤنٹ سے مختلف میسجز بھیجے گئے اور تصاویر بھی ڈالی گئیں جس کا اسے علم نہیں تھا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا اور پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم خاتون کے دفتری ساتھیوں میں سے ایک ہے جس نے خاتون کو شادی کی پیشکش کی تھی لیکن خاتون نے انکار کردیا تھا۔