30 مارچ ، 2022
وفاق کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب حکومت میں بھی بڑا جھٹکا لگا ہے اور علیم خان گروپ نے وزیراعظم عمران خان کے نامزد وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔
عبدالعلیم خان گروپ کے ترجمان میاں خالد محمود کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علیم خان گروپ نے ق لیگ کو وزیر اعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ترجمان علیم خان گروپ کا کہنا ہے کہ عمران خان جن القابات سے پرویز الٰہی کو بلاتے تھے ہم دہرا نہیں سکتے۔
میاں خالد محمود نے کہا کہ پہلے 4 سال ایک بے ایمان اور نکمے بزدار کو مسلط رکھا، اب پرویز الٰہی کو نامزد کر دیا جو ناقابل قبول ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے ترین اور چھینہ گروپ نے بھی پنجاب کی بدلتی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس طلب کر لیے ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ ق کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم نے پرویز الٰہی کو عثمان بزدار کی جگہ وزیراعلیٰ بنانے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے منظور کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔