30 مارچ ، 2022
وفاق کے بعد پنجاب میں بھی حکومت سازی کی کوششیں شروع ہوگئیں۔
مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے ترین گروپ میں رابطہ ہوا ہے جس کے بعد ترین گروپ نے اپنی تجاویز جہانگیر ترین کو بھیج دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ کی اکثریت نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا مشورہ دیا ہے اور ارکان کی رائے ہے کہ ہمیں حکومت کے بجائے اپوزیشن کی طرف جھکاؤ کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لیگی رہنما ایازصادق اور سعد رفیق نے ترین گروپ سے ملاقات کی تھی اور حکومت سازی میں ہر طرح سے ایڈجسٹ کرنےکاعندیہ دیاگیا تھا۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب حکومت میں بھی بڑا جھٹکا لگا ہے اور علیم خان گروپ نے وزیراعظم عمران خان کے نامزد وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔