30 مارچ ، 2022
پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان معاہدے کے تحت ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب آئندہ ایک دو روز میں عہدہ چھوڑ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق مرتضیٰ وہاب پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں، وہ ایک دو روز میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ایم کیو ایم کی سفارش پر کسی سیاسی فرد کو کے ایم سی کا ایڈمنسٹریٹر لگایا جائےگا۔
خیال رہے کہ رات گئے ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد آج ایم کیو ایم کے دو وفاقی وزراء بیرسٹر فروغ نسیم اور سید امین الحق نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے حکومت سے علیحدگی کے بعد قومی اسمبلی میں عمران خان حکومت کے نمبرز 164 تک رہ گئے ہیں جبکہ اپوزیشن کی تعداد 177 تک پہنچ گئی ہے۔