30 مارچ ، 2022
حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی اپوزیشن میں شمولیت کے بعد وزیراعظم عمران خان کی قومی اسمبلی میں اکثریت ختم ہوگئی ہے۔
قومی اسمبلی میں اب حکومتی ارکان کی تعداد 142 رہ گئی ہے، ان میں پی ٹی آئی کے 133، ق لیگ کے 4، جی ڈی اے کے 3، بی اے پی کا 1 اور عوامی مسلم لیگ کا 1 رکن شامل ہے۔
اپوزیشن ارکان کی تعداد 199 تک جا پہنچی ہے، ان میں مسلم لیگ ن کے 84، پیپلز پارٹی کے 56، ایم کیوایم کے7، ایم ایم اے کے جماعت اسلامی کےایک رکن سمیت 15، بلوچستان عوامی پارٹی کے4، بلوچستان نیشنل پارٹی کے4 اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں۔
ان کے علاوہ مسلم لیگ ق، عوامی نیشنل پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی کا بھی ایک ایک رکن شامل ہے۔
خیال رہےکہ تحریک انصاف کے 13 ارکان اعلانیہ منحرف ہوچکے ہیں جب کہ آج اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں تحریک انصاف کے کل 22 منحرف اراکین بھی شریک ہوئے تھے۔