31 مارچ ، 2022
روس اور یوکرین کے تنازع پر امریکی صدر جوبائیڈن اور یوکرینی صدر ولودو میر زیلینسکی کے درمیان ایک گھنٹہ طویل ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ملکوں کے صدور کے درمیان گفتگو میں یوکرینی فوج کی مدد کے لیے اضافی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
جوبائیڈن نے گفتگو کے دوران یوکرین کو 50 کروڑ ڈالر براہ راست امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔
گفتگو سے متعلق یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن سے مخصوص دفاعی حمایت، پابندیوں کے نئے پیکیج، میکرو فنانشل اور انسانی امداد کے بارے میں بات ہوئی۔
دوسری جانب یوکرینی حکام کی جانب سے کیے گئے دعوے کے مطابق یوکرین کے شہر ارپن میں روسی حملے میں 200 سے 300 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
ادھر سلوواکیہ نے روس کے 35 سفارتکاروں کو ملک بدرکرنےکا اعلان کیا ہے جبکہ روس نے یوکرین کےشہر ماریوپول میں شہریوں کے انخلا کے لیے آج سے جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔