31 مارچ ، 2022
ایک اہم شخصیت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پیغام بھجوایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ موجودہ صورتحال میں عمران خان نے محفوظ راستہ مانگا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے عمران خان نے پیشکش کی ہے کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد واپس لے، اسمبلی تحلیل کر دوں گا، عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن متفق نہ ہوئی تو ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔
اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم شخصیت کے پیغام پر اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں غور کیا اور اپوزیشن کی اکثریت نے عمران خان پر اعتماد نہ کرنے کا کہہ دیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، اسپیکر سے جلد ووٹنگ کا مطالبہ کیا جائے، جتنی جلدی عدم اعتماد پر کارروائی مکمل ہو گی ہمیں فائدہ ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے لیے واحد فیس سیونگ "استعفی" تجویز کیا ہے۔