01 اپریل ، 2022
آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بیٹر امام الحق نے شاندار سنچریاں اسکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر ریکارڈ ساز فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 114 اور امام الحق نے 106رنز کی اننگز کھیلیں تھیں۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں سنچری میکر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں انہیں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے سے متعلق بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہمارا یہی پلان تھا کہ جس طرح فخر اور امام نے اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی اسے آگے بڑھائیں گے اور رن ریٹ کو نیچے نہیں آنے دیں گے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف اپنا نیچرل گیم کھیلا لیکن بعض اوقات آپ کو رن ریٹ کے حساب سے تھوڑا متحرک رہنا پڑتا ہے، میری اور امام کی شراکت داری بہت اہم تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور کپتان جیت پر خوشی ہوتی ہے، اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن ہم نے طے کر رکھا ہے کہ کسی کو بھی اس کی پرفارمنس پر پوائنٹ آؤٹ نہیں کریں گے اور اکھٹے رہیں گے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گے۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ کوشش تھی کہ ٹیم کے لیے جتنا اچھا ہو سکے وہ کریں اور اللہ نے جب کرانا ہوتا ہے تو کرا دیتا ہے، اس جیت کی ہمیں بہت زیادہ ضرورت تھی اور بطور ٹیم ہم سب اس پر بہت خوش ہیں۔
قومی بیٹر کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑیوں کی آپس میں اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہو تو آف دا فیلڈ گفتگو آن دا فیلڈ بھی کام آتی ہے۔
بابر اعظم اور امام الحق نے لاہور کے کراؤڈ کا زبردست سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ آگے بھی کراؤڈ اسی طرح سپورٹ کرے گا۔