01 اپریل ، 2022
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی جس میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کرنے پر اتفاق ہوگیا۔
اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں اپوزیشن کی جانب سےحمزہ شہبازکو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق کی طرح پنجاب میں بھی اپنی فتح یقینی بنائیں گے۔
ذرائع کے مطابق شہبازشریف اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ایک عشائیے پر ہوئی۔
خیال رہے کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ منظور ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے۔
نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا عمل شروع کرنے کیلئے گورنر پنجاب نے 2 اپریل کو اجلاس طلب کیا ہے، پنجاب اسمبلی کا اجلاس بروز ہفتہ دن 11بجے طلب کیا گیا ہے۔