Time 02 اپریل ، 2022
پاکستان

’پاکستان کی معیشت امریکا سے چلتی ہے‘ شہباز شریف نے خواجہ آصف کے بیان کی حمایت کر دی

مسلم لیگ ن کے صدر اور تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں وزیراعظم کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف نے امریکا سے متعلق خواجہ آصف کے بیان کی حمایت کر دی۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھکاریوں کی کوئی پسند نا پسند نہیں ہوتی، ہمیں اپنے لوگوں کا پیٹ پالنا ہے، کسی سے جنگ نہیں کرنی۔

خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پاکستان کی معیشت امریکا سے چلتی ہے، امريکا پاکستان کو تنگ کرنا چاہے تو ہميں قرضہ نہ ملے، ہمارے سارے وينٹی ليٹر امريکا کی وجہ سے لگے ہوئے ہيں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد جلسے کے دوران ایک خط لہراتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ملک کی جانب سے خط لکھ کر دھمکی دی گئی۔

بعد ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے دھمکی آمیز مراسلے کے حوالے سے امریکا کا نام لیا اور پھر جب اپنی غلطی کا احساس ہوا تو فوری طور پر کہا کہ میں ایک ملک کی بات کر رہا ہوں۔

اس حوالے سے پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات امریکا کے ڈپٹی چیف آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کر کے پرزور احتجاج کیا اور انہیں ایک مراسلہ بھی تھمایا۔

پاکستانی اقدام پر امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھی درعمل سامنے آیا اور ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کی جانب سے کہا گیا کہ دھمکی آمیز مراسلے میں امریکا کے ملوث ہونے کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے، امریکا پاکستان کے آئینی عمل کا احترام کرتا ہے۔

مزید خبریں :