03 اپریل ، 2022
پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ نہ ہوسکی، ڈپٹی اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کو جواز بناتے ہوئے اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا تاہم اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان نے اسمبلی ہال سے باہر جانے سے انکارکردیا ۔
اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس صرف 6 منٹ ہی چل سکا، خواتین ارکان آپس میں گتھم گتھا ہوگئیں ، نامناسب الفاظ کا استعمال کیا گیا، ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے اجلاس ملتوی کیے جانے پر اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان نے اسمبلی ہال سے باہر جانے سے انکار کردیا، ارکان نے دو روز تک پنجاب اسمبلی میں رہنے ہی کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ نے پنجاب اسمبلی کی لائٹیں،لفٹ، اے سی اور پانی بند کردیا ہے، اپوزیشن گیلری کی لائٹس اور پنکھے بھی بند کردیےگئے، جس پر اپوزیشن کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی میں موجود ہیں، جن میں خواتین ارکان بھی شامل ہیں۔
مسلم لیگ ن ،ترین گروپ ،علیم خان گروپ ،اسد کھوکھر گروپ اور آزاد ممبران اسمبلی میں موجود ہیں۔