پاکستان
Time 03 اپریل ، 2022

عدالت کو اختیار نہیں اسپیکر کی رولنگ چیلنج کرے، فیصلہ عدالت نہیں عوام کرینگے، فواد

رولنگ میں وجہ لکھی گئی ہے کہ کیسے آرٹیکل 5 لاگو کیا گیا، ان کی آنکھوں سے آنسو نکل رہے ہیں، سابق وفاقی وزیر— فوٹو: فائل
رولنگ میں وجہ لکھی گئی ہے کہ کیسے آرٹیکل 5 لاگو کیا گیا، ان کی آنکھوں سے آنسو نکل رہے ہیں، سابق وفاقی وزیر— فوٹو: فائل

سپریم کورٹ میں قومی اسمبلی کی 3 اپریل کی کارروائی سے متعلق لیے گئے از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ریاستی عہدیداروں کو کسی بھی ماورائے آئین اقدام سے روک دیا اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نےکل کیلئے نوٹس جاری کیے ہیں، ہمیں بھی اپنے کیسز عدالت کے سامنے رکھنے کا موقع ملےگا، عدالت کو  اختیار نہیں کہ اسپیکر کی رولنگ کو  چیلنج کرے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ رولنگ میں وجہ لکھی گئی ہے کہ کیسے آرٹیکل 5  لاگو کیا گیا، ان کی آنکھوں سے آنسو نکل رہے ہیں، ایک سیاسی جماعت سینہ تان کر میدان میں نکلی ہےکہ آئیں الیکشن لڑیں، عوام فیصلہ کریں گے، عدالتیں فیصلہ نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی عبوری اسٹے آرڈرکی درخواست سپریم کورٹ نےمسترد کردی ہے لہٰذا ڈپٹی اسپیکر کی آج کی رولنگ برقرار رہےگی۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ن لیگ، پی پی، جے یو آئی چوں چوں کا مربہ بنا ہواہے، ان کےدماغ اخروٹ سے بھی چھوٹے ہیں، ان کی حیثیت نہیں الیکشن میں جانےکی، پاکستان کے تخت کا فیصلہ 22 کروڑ عوام نے کرنا ہے، پاکستان کے لوگ نہ بھکاری ہیں نہ بے غیرت، عمران خان کہتا ہے پاکستانی قوم کو عزت دو، ووٹ لے کر اسلام آباد کا تخت ملے گا، ٹیکنیکل جسٹس سے نہیں ملےگا۔

مزید خبریں :