07 نومبر ، 2012
واشنگٹن . . . .اوباما کووائٹ ہاؤس سے جانا پڑے گا یا رومنی کا خواب ،خواب ہی رہے گا، فیصلے کی گھڑی آ پہنچی ہے۔ امریکا کی 50 ریاستوں میں پولنگ کے آخری چند گھنٹے رہ گئے ہیں، اور کچھ ہی دیر میں نتائج آنا بھی شروع ہوجائیں گے۔ 2008 ء میں بارک اوباما کی انتخابی مہم کا نعرہ تھا Changeیعنی تبدیلی۔ اس بار تبدیلی کی بات ان کے حریف مٹ رومنی کررہے ہیں۔ چند گھنٹوں بعد پتا چل جائے گا کہ امریکی عوام تبدیلی چاہتے ہیں یا انہوں نے تبدیلی کا فیصلہ تبدیل کردیا ہے۔ باراک اوباما اور مٹ رومنی دونوں نے دل لگا کر انتخابی مہم چلائی ہے، لیکن ایک دل تو ٹوٹے گا، کیونکہ ایک وقت میں دونوں نہیں جیت سکتے۔ اس وقت تمام پچاس ریاستوں میں پولنگ جاری ہے۔ مشرقی ریاستوں میں پاکستان وقت کے مطابق صبح چار بجے تک جبکہ کئی مغربی ریاستوں میں صبح نو بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔الاسکا میں 11 بجے تک کا وقت تھا لیکن نئے صدر کا فیصلہ شاید اس سے پہلے ہی ہوجائے گا۔اندازہ ہے کہ پورے امریکا میں لگ بھگ پندرہ کروڑ افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ تین کروڑ افراد الیکشن ڈے سے پہلے ہی ووٹ دے چکے ہیں، ان میں صدر اوباما بھی شامل ہیں۔ مٹ رومنی نے بل ماؤنٹ میں ووٹ ڈالا، نائب صدارت کے امیدوار پال ریان نے وسکونسن جبکہ جو بائیڈن نے ڈیلاویئر میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ صدر اوباما تھکا دینے والے انتخابی دورے کے بعد انتخابی نتیجہ سننے کیلئے اپنے آبائی شہر شکاگو پہنچ گئے ہیں۔ مٹ رومنی بوسٹن میں یہ اعلان سنیں گے۔ نتیجہ آنے کے بعد ایک امیدوار کے شہر میں پھولوں کی بارش ہوگی جبکہ دوسرے کے ارمانوں پر اوس پڑ جائے گی۔