دنیا
Time 04 اپریل ، 2022

'لڑکی خوبصورت نہ بھی ہو تو جہیز دیکر شادی ہوسکتی ہے'، بھارتی کتاب کے موضوع پر تنقید

کتاب میں جہیز کا آخری اور سب سے زیادہ متنازعہ فائدہ یہ بتایا گیا کہ جہیز بدصورت نظر آنے والی لڑکیوں کو جیون ساتھی تلاش کرنے میں مدد کرتا ہے—فوٹو: فائل
کتاب میں جہیز کا آخری اور سب سے زیادہ متنازعہ فائدہ یہ بتایا گیا کہ جہیز بدصورت نظر آنے والی لڑکیوں کو جیون ساتھی تلاش کرنے میں مدد کرتا ہے—فوٹو: فائل

بھارت میں شعبہ نرسنگ کے طلبہ کے لیے ایک نصابی کتاب کا موضوع  تنازعہ کا باعث بن گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کتاب میں موجود ایک موضوع میں جہیز کے نظام  کے فائدے  اور نقصانات بتائے گئے ہیں جس میں کچھ انتہائی  متنازعہ نکات بھی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نکات میں یہ بھی شامل ہے کہ' بدصورت لڑکیاں جہیز دیں تو ان کی بھی شادی ہو سکتی ہے'۔

کتاب  میں موجود موضوع کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس کے بعد سول سوسائٹی میں کافی غصہ پایاجارہا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا صفحہ ٹی کے اندرانی کی نرسوں کیلئے سوشیالوجی کی نصابی کتاب کا ہے جس میں جہیز کے فوائد کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق جیسے ہی تصویر وائرل ہوئی، شیو سینا کی رہنما اور رکن پارلیمنٹ پریانکا چترویدی نے اس کی مذمت کی اور وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا کہ ایسی کتابوں کی فروخت روک دیں جبکہ انہوں نے  کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ ایسی چیزیں نصاب میں شامل ہیں۔

کتاب کے مطابق جہیز نئے گھر کیلئے مددگار ثابت ہوتا ہے کیونکہ عورت اپنے ساتھ فرنیچر، الیکٹرانک آلات اور گاڑی ساتھ لاتی ہے۔

جہیز کا ایک اور فائدہ جس کا کتاب میں ذکر ہے کہ لڑکیوں کو ان کے والدین کی جائیدادوں میں حصہ ملتا ہے اس کے علاوہ کتاب میں جہیز کے نظام کا ایک  بالواسطہ فائدہ بھی درج ہے جس میں کہا گیا ہے کہ والدین نے اب اپنی بیٹیوں کو تعلیم دینا شروع کر دی ہے تاکہ انہیں  کم جہیز دینا پڑے۔

رپورٹس کے مطابق کتاب میں جہیز کا  آخری اور سب سے زیادہ متنازعہ فائدہ یہ بتایا گیا کہ جہیز  بدصورت نظر آنے والی لڑکیوں کو جیون ساتھی تلاش کرنے میں مدد کرتا ہے۔

مزید خبریں :