پاکستان
Time 06 اپریل ، 2022

بلوچستان: ینگ ڈاکٹرز نے رمضان کے احترام میں 4 ماہ سے جاری ہڑتال ختم کردی

بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے رمضان کے احترام میں ہڑتال ختم کرکے تمام سروسز بحال کرنے کا اعلان کردیا۔—فوٹو: فائل
بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے رمضان کے احترام میں ہڑتال ختم کرکے تمام سروسز بحال کرنے کا اعلان کردیا۔—فوٹو: فائل

بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے رمضان کے احترام میں 4 ماہ سے جاری ہڑتال ختم کرکے صوبے میں تمام سروسز بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

اس بات کا اعلان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر بہار شاہ نے وزیر صحت سید احسان شاہ کے ہمراہ گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کیا۔

ڈاکٹر بہار شاہ نے کہا کہ رمضان کے احترام میں تمام سروسز بحال کر رہے ہیں، ابھی تک مطالبات پر عملدرآمد کا نوٹیفیکشن نہیں ہوا، ہمارے خلاف درج کی گئیں ایف آئی آر واپس لی جائیں گی۔

 اس موقع پر وزیر صحت سید احسان شاہ نے کہا کہ ڈاکٹرز اور صوبائی حکومت کے درمیان تمام معاملات میرے وزرات میں آنے سے قبل سے چل رہے تھے، میرے علم میں لائے بغیر ڈاکٹرز کے خلاف اقدامات کیے گئے ہیں۔

 وزیر صحت احسان شاہ نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز نے الاؤنس اور تنخواہوں میں اضافے کے مطالبات واپس لے لیے ہیں اور اسپتالوں میں سہولیات اور خالی آسامیوں پر بھرتی کی بات کی تاہم میں نے ڈاکٹرز سے وعدہ کیا کہ جو بات ہوئی اس پر عمل کی ذمہ داری میری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ڈاکٹروں کے ہڑتال ختم کرنے اور اسپتالوں میں تمام سروسز کی بحالی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے حکومتی اقدامات اور خیر سگالی کا مثبت ردعمل قابل ستائش ہے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال گزشتہ دور حکومت سے جاری تھی، سابق حکومت نے ڈاکٹروں کے مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جس سے معاملے نے طول پکڑا۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہماری حکومت نے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے دھرنوں اور احتجاجوں کو ختم کیا اور ڈاکٹروں سے بار ہا بامقصد مذاکرات کیے گئے ڈاکٹروں کے جائیز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں پورا کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے  مزید کہا کہ اسپتالوں کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کی بھی اولین ترجیح ہے ہماری سیاسی حکومت مسائل کے بات چیت کے ذریعہ حل پر یقین رکھتی ہے ۔

مزید خبریں :