Time 06 اپریل ، 2022
پاکستان

پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس، 199 ارکان نے حمزہ کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے کی قرارداد منظور کرلی

پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں 199 ارکان نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔

پنجاب اسمبلی کے دروازے بند  کیے جانے کے بعد اپوزیشن نے مقامی ہوٹل میں علامتی اجلاس بلایا۔

مقامی ہوٹل میں ہونے والے علامتی اجلاس میں اپوزیشن اتحاد، جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان گروپ کے ارکان نے شرکت کی۔

علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ منتخب کرنےکی قرارداد پیش کی گئی جس پرارکان نے کھڑے ہو کر قرارداد کی منظوری دی۔

قرارداد کی حمایت کرنے والے ارکان اسمبلی تعداد 199 تھی۔ اس موقع پر ہال وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے نعروں سے گونج اٹھا۔

اس سے قبل مریم نواز بھی حمزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے مقامی ہوٹل پہنچی تھیں۔ اس دوران انہوں نے بس میں بھی ارکان اسمبلی کے ہمراہ سفر کیا اور اجلاس کیلئے مختص ہوٹل گئیں۔

 ڈپٹی اسپیکر اجلاس کی صدارت کریں گے تو آئین کی خلاف ورزی کےمرتکب ہوں گے: ترجمان پنجاب اسمبلی

ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق ڈپٹی اسپیکرکیخلاف جب عدم اعتماد آچکی ہوتووہ کسی اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتے، آئینی طورپرڈپٹی اسپیکرکسی بھی اجلاس کی صدارت کےمجازنہیں۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ اگرڈپٹی اسپیکر ایساکریں گے تو آئین کی خلاف ورزی کےمرتکب ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے پہلے 6 اپریل کو ہونے والا اجلاس 16 اپریل کو بلانے کا اعلامیہ جاری کیا اور پھر رات دیر گئے اجلاس کی تاریخ دوبارہ تبدیل کرتے ہوئے 6 اپریل کی۔

مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اجلاس 6 اپریل کو بلانے کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا تھا۔

آج حکومت نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی اور ساتھ ہی پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کردیے گئے۔

مزید خبریں :