06 اپریل ، 2022
پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب کرنے کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں احمد اویس نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے بیان کی تردید کی اور کہا کہ مجھ سے منسوب دوست محمد مزاری کا بیان غلط ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ میں نے دوست محمد کو کوئی مشورہ نہیں دیا جیسا وہ کہہ رہے ہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ میں نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ 6 اپریل کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس آئین و قانون کے مطابق ہوگا، میں نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو کوئی مشورہ نہیں دیا۔
واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا تھاکہ میں نے قانونی ماہرین سے مشاورت کی تو انہوں نے کہاکہ آج کی تاريخ میں الیکشن کروائيں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے پہلے 6 اپریل کو ہونے والا اجلاس 16 اپریل کو بلانے کا اعلامیہ جاری کیا اور پھر رات دیر گئے اجلاس کی تاریخ دوبارہ تبدیل کرتے ہوئے 6 اپریل کی۔
مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اجلاس 6 اپریل کو بلانے کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا تھا۔
آج حکومت نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی اور ساتھ ہی پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کردیے گئے۔