Time 09 اپریل ، 2022
پاکستان

قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کی آئی ایس پی آر سمیت تمام ریاستی اداروں نے توثیق کی: قاسم سوری

یرونی آقاؤں کی غلامی کرتے ہوئے حکومت بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں نے پاکستان کی خاطر رولنگ دی، ساری زندگی اس پر فخر کروں گا: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی۔ فوٹو: فائل
یرونی آقاؤں کی غلامی کرتے ہوئے حکومت بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں نے پاکستان کی خاطر رولنگ دی، ساری زندگی اس پر فخر کروں گا: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا کہنا ہے کہ بڑی قوتیں صرف پاکستان میں ہی نہیں دیگر جگہوں پر بھی حکومت بدلنے کا سوچ رہی ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری کا کہنا تھا میں نے کوئی آئین نہیں توڑا بلکہ ایک محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا اور پوری قوم نے میرے فیصلے کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ایجنڈے کے تحت حکومتیں بدلیں تو ایک محب وطن پاکستانی کیا قدم اٹھائے، جنہوں نے مارشل لاء لگایا انہوں نے غلط کیا لیکن ہماری جمہوری حکومت ہے، عوام تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو پتا ہے کہ سازش ہو رہی ہے، حکومت نے کمیشن بنایا ہے، بیرونی آقاؤں کی غلامی کرتے ہوئے حکومت بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں نے پاکستان کی خاطر رولنگ دی، ساری زندگی اس پر فخر کروں گا۔

قاسم سوری کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے جو فیصلے دیے آئی ایس پی آر سمیت تمام ریاستی اداروں نے اس کی توثیق کی۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت آرٹیکل 5 اور میری رولنگ کی طرف گئی ہی نہیں، اگر سپریم کورٹ کے ججز خط دیکھتے تو وہ بھی یہ ہی فیصلہ کرتے۔


مزید خبریں :