10 اپریل ، 2022
تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹائے جانے والے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے بھائی بین اسمتھ نے عمران خان کی حمایت میں ٹوئٹ کی ہے۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے کچھ گھنٹوں بعد برطانوی فنانسر اور ماہر ماحولیات بین اسمتھ نے ایک ٹوئٹ کی، جس میں درج تھا کہ میرے بہنوئی عمران خان ایک اچھے اور عزت دار آدمی ہیں۔
بین اسمتھ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عمران خان میں اپنے ملک کے لیے کچھ بہتر کرنے کا جذبہ پایا جاتا ہے، بطور وزیراعظم ان کا ریکارڈ بالخصوص دور حاضر کے سب سے بڑے مسئلے پر غیر معمولی ہے۔
بین اسمتھ نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ عمران خان کی قیادت میں اب پاکستان ماحولیاتی بحالی کے لیے عالمی رہنما کے طور پر جانا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان نے 1995 میں جمائما گولڈ اسمتھ سے شادی کی تھی تاہم عمران خان کے عہدے سے فراغت کے حوالے سے تاحال جمائما کا کوئی بیان سامنے نہ آسکا ہے۔