Time 10 اپریل ، 2022
کھیل

عدم اعتماد کی کامیابی: پی سی بی میں بھی رمیز راجا سمیت بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی بازگشت

عمران خان کے وزیر اعظم نہ ہونے پر رمیز راجا اپنے عہدے برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیں/فوٹوفائل
  عمران خان کے وزیر اعظم نہ ہونے پر رمیز راجا اپنے عہدے برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیں/فوٹوفائل

سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ  ( پی سی بی ) میں بھی  بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پی سی بی میں تبدیلیاں یقینی قرار  دی جا رہی ہیں، اور اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے قریبی دوستوں اور  پی سی بی میں اپنے ساتھیوں سے مشاورت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  عمران خان کے وزیر اعظم نہ ہونے پر رمیز راجا اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیں۔

ذرائع نے امکان ظاہر  کیا ہے کہ دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد رمیز راجا اپنے مستقبل کا اعلان کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ رمیز راجا سی ای او  اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کے ہمراہ آئی سی سی میٹنگز کے لیے دبئی میں موجود ہیں جبکہ  آئی سی سی میٹنگز کا آج دبئی میں آخری روز ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کل سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران پی سی بی میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیوں کا قوی امکان ہے جبکہ چیئر مین پی سی بی عہدے سے الگ ہونے کا ذہن بنا چکے ہیں، چیئرمین کے مقرر کردہ افراد کا مستقبل بھی روشن نہیں ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرن ان چیف پاکستان کرکٹ کی حیثیت سے رمیز راجا اور اسد علی خان کی گورننگ بورڈ کے لیے نامزدگیاں کی تھیں۔

 ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ  عمران خان کے برطرف ہونے کے بعد پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی ہوگی اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ دوبارہ بحال ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں :