10 اپریل ، 2022
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ، یہ ہم پرمسلط کیےجارہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر فیصلہ عمران خان کریں گے اور وہ جو فیصلہ کریں گے ہم سب اس کو تسلیم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ارکان سے تبادلہ خیال کیا ہے اور اکثر کا خیال ہے کہ اسمبلی میں مزاحمت اور باہر عوام سے رابطہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر ارکان کا خیال ہے کہ عمران خان کو عوامی رابطہ مہم کا آغاز اور اس حکومت کا ایوان میں مقابلہ کرنا چاہیے لیکن پھر بھی عمران خان کے فیصلے کو تمام ارکان تسلیم کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر مملکت علی محمد خان نے پارٹی کے قومی اسمبلی سے استعفوں کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ کسی بھی سیاست دان کا ہتھیار ہوتا ہے لیکن اِس وقت قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا مطلب اپوزیشن کو فِری ہینڈ دینا ہوگا۔