دنیا
Time 11 اپریل ، 2022

دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست جاری کردی گئی

مشہور امریکی جریدے فوربز نے دنیا کے ارب پتی افراد کی 36ویں سالانہ رینکنگ جاری کردی ہے۔—فوٹو: فائل
مشہور امریکی جریدے فوربز نے دنیا کے ارب پتی افراد کی 36ویں سالانہ رینکنگ جاری کردی ہے۔—فوٹو: فائل

مشہور امریکی جریدے فوربز نے دنیا کے ارب پتی افراد کی 36ویں سالانہ رینکنگ جاری کردی ہے۔

امریکی جریدے فوربز کے مطابق  کورونا کی وجہ سے سست عالمی مارکیٹوں نے دنیا کے ارب پتی افراد کو بری طرح متاثر کیا اور اسی وجہ سے گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال 87 امیر ترین افراد اس فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

فوربز کے مطابق 2 ہزار 6 سو 68 ارب پتی افراد پر مشتمل اس فہرست میں اس سال 236 نئے افراد بھی شامل ہوئے جبکہ ایک ہزار ارب پتی افراد اب گزشتہ سال کے مقابلے زیادہ امیر ہیں۔

امریکا  میں اب بھی دنیا کے  سب سے زیادہ ارب پتی افراد  موجود ہیں ،امریکی 735 ارب پتی افراد کی مجموعی مالیت 4.7  کھرب ڈالرز  ہے جبکہ چین 607 ارب پتی افراد کی بدولت اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

حیران کن طور پر روس اور چین میں ارب پتی افراد کی تعداد میں بڑی کمی دیکھی گئی۔ روس میں  یوکرین پر حملے کے بعد گزشتہ سال کے مقابلے میں اب 34 کم ارب پتی افراد ہیں، جبکہ چین میں ٹیک کمپنیوں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کی وجہ سے 87 افراد اس فہرست سے کم ہوئے۔

فوربز کے مطابق اسپیس ایکس کمپنی کے مالک ایلون مسک  219 ارب ڈالرز کے مجموعی اثاثوں کے ساتھ دنیا کے  ارب پتی افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ  ایمازون کے جیف بیزوس 171 ارب ڈالرز مالیت کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کا چوتھا نمبر ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی تاجر مکیش امبانی دنیا کے 10 ویں امیر ترین شخص ہیں جبکہ  بھارت کے ہی بزنس ٹائیکون گوتم اڈانی اور ان کا خاندان  دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں 11 ویں نمبر  پر ہے۔

مزید خبریں :