12 اپریل ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مراسلے پر پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانےکی وزیراعظم کی پیشکش مسترد کردی۔
بنی گالا میں میڈیا سےگفتگو میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے عوام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے، فوری انتخابات وقت کی ضرورت ہیں ، پاکستان میں بیرونی سازش پر حکومت تبدیل کی گئی، پاکستان میں زبردستی کی امپورٹڈ حکومت نافذ کی گئی ہے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ لیٹر میں تھا کہ عدم اعتماد ناکام ہوئی توپاکستان کو نتائج بھگتنا ہوں گے، لیٹر گیٹ میں بیرونی سازش بے نقاب ہوئی ہے، اسد قیصر نے مراسلہ ایوان میں لہرا کرکہا تھا کہ شہباز شریف یہ لیٹر دیکھ سکتے ہیں، ہم پارلیمنٹ کے اندر دوبارہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس بلانےکو مستردکرتے ہیں،اس پر سپریم کورٹ کی سطح پر ایک کمیشن تشکیل دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نےمعیشت کو دلدل میں دھکیلا، یہ اقتدار میں اپنی چوری بچانے آئے ہیں، نئے وزیراعظم معیشت کے اجلاس کے بجائے اتحادیوں کو منانے میں لگے ہوئے ہیں، امید کرتا ہوں پرانے پاکستان میں آٹا، چینی، پٹرول اور ڈالر سستا ہوجائےگا۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ سنا ہے اب پلیٹیلیٹس بھی ٹھیک ہوگئے ہیں، جہاز کے سفر کی اجازت بھی مل گئی۔