07 نومبر ، 2012
اسلام آباد … سابق آرمی چیف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور چیف جسٹس کے بیانات بڑے گہرے خطرات کی نشاندہی ہیں، جنرل کیانی کا بیان واضح ہے کہ پارلیمنٹ اپنا فوری کردار ادا کرے ورنہ سیاسی بساط لپٹ جائے گی۔ مرزا اسلم بیگ نے یہ بات جیو نیوز کے پروگرام جرگہ کے اینکر پرسن سلیم صافی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اور آرمی چیف کے بیانات کے بعد والی صورتحال میں پارلیمنٹ پر ذمہ داری ہے، جنرل کیانی کا بیان واضح ہے پارلیمنٹ کچھ کرے ورنہ سیاسی نظام لپٹ جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان اور سپریم کورٹ کے درمیان بدگمانیاں خطرناک صورتحال ہے، جو کچھ ہم نے 5 سال میں کیا ہے وہ سب ختم ہوجائے گا، آرمی چیف اور چیف جسٹس کے بیانات گہرے خطرات کی نشاندہی کررہے ہیں۔ اسلم بیگ کا مزید کہنا ہے کہ جنرل ٹکانے شب خون نہیں مارا، جنرل کیانی بھی نہیں ماریں گے، کوئی اور ایسا کرے گا، جنرل کیانی کا بیان غور سے پڑھیں، اس میں یہی پیغام ہے، آرمی چیف اور چیف جسٹس کا بیان شکوہ جواب شکوہ نہیں۔