13 اپریل ، 2022
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی آئے) نے بیرون ملک تحفے میں ملنے والے ہار کی مبینہ فروخت کے معاملے پر سابق وزیر اعظم عمران خان اور ذلفی بخاری کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف آئی اے نے تحفے میں ملنے والے ہار کی مبینہ فروخت کا الزام سامنے آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نےہار بیچنے کے الزامات کی تردید کردی ہے۔
اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ذلفی بخاری نے کہا کہ ہار بیچنے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی نے کہا کہ ہار بیچنے سے متعلق کبھی کوئی بات نہیں ہوئی اور اس حوالے سے چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان پر بیرون ملک سے ملنے والا ایک ہار توشہ خانہ میں نہ جمع کرائے جانے کا الزام ہے، عمران خان نے مبینہ طور پر ہار ذلفی بخاری کے ذریعے لاہور کے ایک جیولر کو 18 کروڑ میں فروخت کیا۔
جیو نیوز کے رابطہ کرنے پرڈی جی ایف آئی اے نے معاملے کی تحقیقات پر تردید یا تصدیق کرنے سے گریز کیا۔