Time 13 اپریل ، 2022
پاکستان

علیم خان کا پرویز الٰہی کے لیے پیغام

علیم خان نے پرویز الٰہی کے لیے پیغام سوشل میڈیا پر جاری کیا ہے۔ فوٹو: فائل
علیم خان نے پرویز الٰہی کے لیے پیغام سوشل میڈیا پر جاری کیا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی علیم خان نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے لیے ایک پیغام جاری کیا ہے۔

پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی دوڑ کے لیے پرویز الٰہی تحریک انصاف اور ق لیگ کے مشترکہ امیدوار ہیں جبکہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

چند روز قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے پہلے اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کیا، پھر اسی روز 16 اپریل تک اجلاس ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر دیے تاہم بعد ازاں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس دوبارہ 6 اپریل کو بلانے کا اعلان کر دیا۔

ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی جانب سے 6 اپریل کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی۔ 

مسلم لیگ ق کا دعویٰ ہے کہ پرویز الٰہی ہی وزیراعلیٰ پنجاب بنیں گے اور ہمارے نمبرز پورے ہیں جبکہ متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس 202 ممبران موجود ہیں، اگر پرویز الٰہی اتنے پرامید ہیں تو اجلاس بلائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔

اب علیم خان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پرویز الٰہی کو اپنی ہار نظر آ رہی ہے، انہیں پتہ چل چکا ہے کہ شکست ان کا مقدر بن چکی ہے تو وہ بھونڈی حرکتوں پر اتر آئے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ حمزہ شہباز کے ساتھ میرا بہت ہی اچھا محبت اور عزت کا رشتہ ہے، وہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے، ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہو گی۔

پی ٹی آئی منحرف رکن نے ایک دوسری ٹوئٹ میں لکھا کہ پرویز الٰہی کو چاہیے کہ الیکشن میں میدان میں آئیں اور اپنی شکست کو تسلیم کریں۔


مزید خبریں :