Geo News
Geo News

Time 13 اپریل ، 2022
پاکستان

تاریخ: کس وزیراعظم نے حلف اٹھانے کے کتنے روز بعد مزار قائد پر حاضری دی

ماضی میں اس منصب پر فائز ہونے والے ہرنئے وزیر اعظم پہلی فرصت میں کراچی میں مزار قائد پرحاضری دیتے رہے ہیں/ فائل فوٹو
ماضی میں اس منصب پر فائز ہونے والے ہرنئے وزیر اعظم پہلی فرصت میں کراچی میں مزار قائد پرحاضری دیتے رہے ہیں/ فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف وزارت عظمیٰ کا حلف لینے کے تیسرے دن آج کراچی پہنچے جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی۔

ماضی میں اس منصب پر فائز ہونے والے ہرنئے وزیر اعظم پہلی فرصت میں کراچی میں مزار قائد پرحاضری دیتے رہے ہیں۔

اگرچہ کراچی آمد اور مزارقائد پر حاضری میں دنوں کی تاخیر کوئی غیر آئینی غیرقانونی عمل نہیں لیکن عمران خان نے اگست 2018 میں حلف لینے کے تقریباً ایک ماہ بعد یعنی 16 ستمبر کو کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

عام تاثر یہ ہے کہ ہرنئے وزیر اعظم جلد از جلد پہلی فرصت میں کراچی جاتے ہیں اور مزار قائد پرحاضری دیتے ہیں ۔ کیا واقعی ماضی میں ایسا ہی ہوتا رہا اس کےلیے ہم 1971 سے جائزہ لیتے ہیں۔

یہ جاننے کے لیے آئیے نظر ڈالتے ہیں کہ ماضی میں وزرائے اعظم حلف لینے کے کتنے عرصے بعد مزار قائد پر حاضر ہوتے رہے ہیں۔

ذوالفقار علی بھٹو

20 دسمبر 1971 کوپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے بحیثیت صدر مملکت اور چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داری سنبھالی تھی ۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ 31 دسمبر  کو کراچی پہنچے اور اس کے اگلے دن یعنی بارہویں دن یکم جنوری1972 کو مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

محمد  خان جونیجو

23 مارچ 1985کو غیر جماعتی انتخاب میں منتخب سندھ سے تعلق رکھنے والے محمد خان جونیجو نے وزارت عظمٰی کا حلف اٹھایا وہ آٹھویں روز 31 مارچ 1985 کوپہلی مرتبہ بحیثیت وزیراعظم کراچی آئے اور مزار قائد پرحاضری دی فاتحہ خوانی کی۔

بے نظیر بھٹو

2 دسمبر 1988 کو پاکستان پیپلزپارٹی کی شریک چیئرپرسن بے نظیر بھٹونے پہلی مرتبہ بطور وزیراعظم حلف اٹھایا۔ اسی رات قوم سے خطاب کیا اور اس کے اگلے روز تین دسمبر کو اسلام آباد میں ایک پرہجوم کانفرنس سے بھی خطا ب کیا جس میں صحافیوں کے سوالات کے جواب بھی دیے۔

بعد ازاں تیسرے روز 4 دسمبر 1988 کوکراچی پہنچیں جہاں پہلی مرتبہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی تھی۔

میاں نواز شریف

میاں محمد نواز شریف پہلی مرتبہ6 نومبر 1990 کو وزیراعظم منتخب ہوئے۔ گیارویں دن وہ پہلی مرتبہ 17 نومبر 1990 کو بحیثیت وزیراعظم کراچی پہنچے اور مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

بے نظیر بھٹو

18 اکتوبر1993 کو محترمہ بے نظیر بھٹو دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئیں تو وہ اٹھارویں روز 5 نومبر 1993 کراچی تشریف لائیں اورقائد اعظم کے مزار پر حاضری دی۔

میاں نواز شریف

17 فروری1997 کو میاں نواز شریف دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ پر فائز ہوئے تاہم اس بار وہ47 ویں روز 5 اپریل1997 کو پہلی مرتبہ کراچی تشریف لائے جہاں بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

ظفر اللہ جمالی

23 نومبر 2002 کو (ق) لیگ سے تعلق رکھنے والے بلوچستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی ظفراللہ خان جمالی نے نئے وزیراعظم کا حلف اٹھایا۔ وہ اٹھارویں روز 11 دسمبر 2002 کو پہلی مرتبہ کراچی تشریف لائے اور مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

چوہدری شجاعت حسین

30 جون2004 کو (ق) لیگ کے چوہدری شجاعت حسین نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔ وہ چھٹے روز 6 جولائی 2004 کوکراچی آئے اور مزار قائد پر حاضری دی۔

شوکت عزیز

28 اگست 2004 کو شوکت عزیز نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔ وہ 19 روز بعد  16 ستمبر 2004 کو بحیثیت وزیراعظم کراچی آئے اور مزار قائد پر حاضری دی۔

یوسف رضا گیلانی

25 مارچ 2008 کو پیپلزپارٹی کے یوسف رضا گیلانی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔ وہ دسویں روز 4اپریل کو پہلی مرتبہ بحیثیت وزیراعظم کراچی آئے اور مزار قائد پر حاضری دی۔ 

راجہ پرویز اشرف

22جون 2012 کوپیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے راجہ پرویز اشرف ملک کے نئے وزیراعظم منتخب ہوئے وہ تیسرے روز 24 جون 2012 کو پہلی مرتبہ بحیثیت وزیراعظم کراچی آئے اور مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی۔

میاں نواز شریف

5 جون2013 کو میاں نواز شریف تیسری مرتبہ وزیراعظم کےعہدے پر فائز ہوئے تو اس مرتبہ وہ 57 ویں دن یکم اگست2013 کو پہلی مرتبہ کراچی کے دورے پر تشریف لائے اور مزار قائد پر حاضری دی۔

شاہد خاقان عباسی

نواز شریف کے بعد یکم اگست 2017 کو شاہد خاقان عباسی وزیراعظم بنے اور 12 ویں روز یعنی 12 اگست 2017 کو کراچی پہنچ کر انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی۔

مزید خبریں :