15 اپریل ، 2022
انگلینڈ میں جاری کاؤنٹی کرکٹ میں 15 سال بعد پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک ساتھ ایک ٹیم میں کھیلتے نظر آرہے ہیں۔
جی ہاں گزشتہ روز سسیکس کرکٹ کاؤنٹی کی جانب سے پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور بھارت کےچیتشور پجارا نے ڈیبیو کیا۔
ڈربی شائرکرکٹ کلب کے خلاف ڈیبیو کرنے والے ان دونوں کھلاڑیوں کو میچ سے قبل سسیکس کی جانب سے کیپس دی گئیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2007 میں بھارت کے فاسٹ بولر آرپی سنگھ اور پاکستان کے لیگ اسپنر منصور امجد لیسٹرشائر کی طرف سے کاؤنٹی کرکٹ میں ایک ساتھ کھیلتے دکھائی دیے تھے۔
دوسری جانب شان مسعود نے ڈربی شائرکرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے سسیکس کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ میں ڈبل سنچری بنائی جس کے بعد وہ کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے۔
ڈربی شائر اور سسیکس کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے پہلے روز کے اختتام پر ڈربی شائر نے 2 وکٹوں پر 327 رنز بنالیے ہیں۔