Time 15 اپریل ، 2022
پاکستان

اوگرا کی سمری مسترد، وزیر اعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا، حکومتی ذرائع— فوٹو: فائل
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا، حکومتی ذرائع— فوٹو: فائل

وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی آئی اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سمری مسترد کردی ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بوجھ خود برداشت کرے گی، عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری

دوسری جانب وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 149روپے 86 پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 144روپے15 پیسے فی لیٹر ہی ہوگی۔

مٹی کے تیل کی قیمت 125 روپے 56 پیسے فی لیٹر  جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 118 روپے 31 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

قیمتوں کا اطلاق آئندہ 15 روز کیلئے ہے۔

خیال رہے کہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت ساڑھے 83 روپے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز دی تھی، فل لیوی اور ٹیکسز کے ساتھ پیٹرول کی قیمت میں 83 روپے 50 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 77 روپے 56 پیسے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق فل لیوی اور ٹیکس کی بنیاد پر لائٹ ڈیزل 77 روپے 31 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

مزید خبریں :