18 اپریل ، 2022
سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے جسٹس فائز عیسیٰ کیس سے متعلق فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے فروغ نشیم کا کہنا تھاکہ فواد چوہدری کی باتیں بکواس ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ وزیر اعظم کو خود کوئی ذمہ داری نہیں لینی چاہیے؟
ان کا کہنا تھاکہ جسٹس فائز عیسیٰ سے متعلق ریفرنس کابینہ کے ذریعے نہیں گیا، فواد چوہدری کابینہ اجلاس کے وہ منٹس دکھائیں جس میں انہوں نے ریفرنس کی مخالفت کی کیونکہ کابینہ اجلاس کی کارروائی کے منٹس موجود ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں اعتراف کیا ہے کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کےخلاف دائر کیس غلطی تھی، جسٹس فائز عیسیٰ کےخلاف کارروائی غیرضروری سمجھتا ہوں۔
انہوں نے کہا تھا کہ وزیرقانون نےجسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے مختلف فلیٹس اوراثاثوں پربریف کیاتھا۔
اس پر سابق وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا تھاکہ عمران خان نے خود جسٹس فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا، انہوں نے اے آر یو کے مواد کی روشنی میں ریفرنس دائر کرنے پر اصرار کیا تھا۔
اس پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا تھاکہ فروغ نسیم بطور وزیرقانون آپ کو ذمہ داری لینی چاہیے، حقیقت یہ ہے کہ تمام معاملہ آپ نے کھڑا کیا۔