مشی اور ریحام خان میں سوشل میڈیا پر لفظی جنگ جاری

دونوں شخصیات کے درمیان لفظی جنگ کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ریحام خان نے عمران خان کی حمایت میں کھڑے ہونے والے فنکاروں کو کشمیر کےتناظر میں تنقید کا نشانہ بنایا/فوٹوفائل
دونوں شخصیات کے درمیان لفظی جنگ کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ریحام خان نے عمران خان کی حمایت میں کھڑے ہونے والے فنکاروں کو کشمیر کےتناظر میں تنقید کا نشانہ بنایا/فوٹوفائل

سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت اور مخالفت میں اداکارہ مشی خان اور ریحام خان کے درمیان لفظی جنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر دونوں شخصیات کے درمیان یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ریحام خان نے عمران خان کی حمایت میں کھڑے ہونے والے فنکاروں کو کشمیر کےتناظر میں تنقید کا نشانہ بنایا۔

بعد ازاں مشی خان نے ریحام خان کے نام ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے جوابی وار کیا اور انہیں بتایا کہ ’ہم ہمیشہ عمران خان کے ساتھ رہیں گے‘۔

ریحام خان بھی میدان میں آئی اور انہوں نے مشی خان کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں پہچاننے سے ہی انکار کردیا۔

'ریحام خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ وہی ہے ناں عمران کی دوست، جسے میں نے اپنی فلم ’جاناں‘ میں پھپھو کا کردار دیا تھا؟‘

جس کے جواب میں ایک بار پھر مشی خان نے ریحام خان پر واضح کیا ہے کہ وہ عمران خان کی فین ہیں لیکن دوست نہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں مشی خان کا کہنا تھا کہ میں نے فلم جانان میں پھوپھو کا کردار ادا کیا تھا جو کہ لوگوں نے بہت پسند کیا ، آپ نے مجھے اس وقت کاسٹ کیا جب آپ پروڈیوسر تھیں۔

مشی خان نے ریحام خان کی عمران خان سے شادی کا بھی ذکر کیا اور ان کا کہنا تھا اس وقت عمران خان سے آپ کی شادی ہوئی تھی، پھر 6 ماہ بعد ہی آپ کی علیحدگی ہوگئی، جب آپ کا ایک نام تھا لیکن اب اگر نیٹ فلکس پر جاکر دیکھیں تو آپ کا کہیں کوئی نام نہیں ہےلہٰذا اب یہ بتانا کہ آپ نے کاسٹ کیا اس کا کوئی مقصد نہیں۔

مشی خان کا کہنا تھا کہ دوسری بات یہ کہ میں بالکل عمران خان کی دوست نہیں ہوں،میں ان کی پرستار ہوں اور کرکٹ کے زمانے سے ہوں، اگر میں عمران خان کی دوست ہوتی تو بنی گالہ میں ہوتی اور آپ لندن میں ہوتیں لہٰذامنفی باتیں پھیلاکر تنازعات نہ بنائیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی فلم 'جانان' 2016 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں مرکزی کردار علی رحمان خان، ارمینا رانا خان اور بلال اشرف نے نبھائے تھے، فلم میں مشی خان کا نام شیریں گل تھا جب کہ ان کا کردار ایک پھپھو کا تھا۔

ریحام خان فلم کی پروڈیوسر تھیں، ریحام خان کے علاوہ اداکارہ حریم فاروق اور عمران رضا کاظمی بھی فلم کے پروڈیوسرز تھے۔

مزید خبریں :