20 اپریل ، 2022
جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے یہ محاورہ تو آپ نے کئی بار سنا ہوگا لیکن اس کی حقیقی مثالیں بہت ہی کم دیکھنے کو ملتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے اس محاورے کو سچ ثابت کردیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک لڑکی ریلوے اسٹیشن پر چلتی ٹرین کے نیچے آگئی اور خوش قسمتی سے زندہ بھی بچ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ارجنٹائن کے دارالحکومت بیو نس آئرس کے ریلوے اسٹیشن پر 29 مارچ کو پیش آیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک سفید رنگ کے کپڑوں میں ملبوس لڑکی ریلوے اسٹیشن پر چکراتے ہوئے چلتی ٹرین کے نیچے آگئی۔
لڑکی کے نیچے گرنے کے بعد ٹرین رک گئی اور ریلوے اسٹیشن پر موجود مسافروں اور حکام نے اسے پٹری سے اوپر کھینچا، اس دوران بظاہر وہ صرف معمولی زخمی لگ رہی تھی۔
رپورٹس کے مطابق لڑکی ریلوے اسٹیشن سے فوراً ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ وہ خطرے سے باہر ہے۔
مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی (جس کی شناخت کینڈیلا کے نام سے ہوئی) کا کہنا تھا کہ 'مجھے نہیں معلوم کہ میں ابھی تک کیسے زندہ ہوں۔ میں اب بھی اس سب کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہوں، مجھے دوسری زندگی ملی ہے'۔
کینڈیلا کا کہنا تھا کہ میرا بلڈ پریشر اچانک کم ہوا، مجھے چکر آئے اور میں بے ہوش ہونے لگی، میں نے اپنے سامنے موجود شخص کو بتانا چاہا، اس کے علاوہ مجھے کچھ اور یاد نہیں۔