Time 20 اپریل ، 2022
پاکستان

عمران خان کی گاڑی کی کھڑکیاں بند ہونی چاہئیں: جلسے کے حوالے سے ایک اور مراسلہ جاری

خطاب کی جگہ اور سامنے لگنے والا شیشہ بھی بلٹ پروف ہونا چاہیے، ضلعی انتظامیہ کا مراسلہ— فوٹو: فائل
 خطاب کی جگہ اور سامنے لگنے والا شیشہ بھی بلٹ پروف ہونا چاہیے، ضلعی انتظامیہ کا مراسلہ— فوٹو: فائل

لاہور کی ضلعی انتظامیہ  نے کل جلسے کے حوالےسے تحریک انصاف کو ایک اور مراسلہ جاری کردیا۔

مراسلے کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان بلٹ پروف گاڑی میں سفرکریں اور ان کی گاڑی کی کھڑکیاں اورچھت مکمل بند ہونی چاہیے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خطاب کی جگہ اور سامنے لگنے والا شیشہ بھی بلٹ پروف ہونا چاہیے، جلسہ گاہ میں بیک اپ جنریٹرز موجود ہونے چاہیے تاکہ بجلی کی بندش پر ناخوشگوار واقعے سے بچاجاسکے۔

مراسلے کے مطابق اسٹیج، خواتین اور مردوں کے داخلی دروازوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی جبکہ جلسہ گاہ میں ایمرجنسی انخلا کے راستے بھی یقینی بنائے جائیں اور  پولیس کے ساتھ جلسہ گاہ کے باہر قناطیں اورباڑلگانےکاکام مکمل کیاجائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جلسہ انتظامیہ یقینی بنائےکہ اسٹیج اور وی آئی پی جگہ پرکوئی نامعلوم شخص داخل نہ ہوسکے۔

مراسلےمیں ہدایت کی گئی ہے کہ جلسہ انتظامیہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون یقینی بنائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈپٹی کمشنر لاہور نے مینار پاکستان پر جلسےکے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو خط لکھ کر سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملک میں جلسے کر رہے ہیں۔ پہلا جلسہ پشاور، دوسرا کراچی اور کل لاہور میں تیسرا جلسہ ہوگا۔

مزید خبریں :