پاکستان
Time 20 اپریل ، 2022

لاہور ہائیکورٹ: عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ کے عہدے پر بحال کرنے کی درخواست پر سماعت کل ہوگی

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کو بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کام سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور عثمان بزدار کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب بحال کیا جائے— فوٹو: فائل
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کو بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کام سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور عثمان بزدار کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب بحال کیا جائے— فوٹو: فائل

عثمان بزدار کا بطور  وزیراعلیٰ پنجاب استعفیٰ منظوری کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج  کردیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظورکرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں عہدے پر بحال کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے غیر قانونی طور پر عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کیا۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کو  بطور  وزیر اعلیٰ پنجاب کام سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں  اور عثمان بزدار کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب بحال کیا جائے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کل اس درخواست پر سماعت کریں گے ۔

دوسری جانب نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے حلف اٹھانے کے لیے دائر درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کے حلف کے لیے درخواست اعظم نذیر تارڑ اور عطا اللہ تارڑ کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔

حمزہ شہباز کی جانب سے دائر درخواست میں گورنر پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا کہ 16 اپریل کو 197 ووٹ لیکر قائد ایوان منتخب ہو چکا ہوں، قانون کے مطابق گورنر کو وزیر اعلیٰ کا حلف لینا تھا لیکن انہوں نے انکار کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جاتے جاتے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی جگہ عمر سرفراز چیمہ کو گورنر مقرر کردیا تھا جنہوں نے اب حمزہ شہباز سے وزارت اعلیٰ کا حلف لینے سے انکار کررکھا ہے۔

مزید خبریں :