Time 22 اپریل ، 2022
دنیا

رواں برس کس ملک سے کتنے عازمین سعودی عرب جائیں گے؟ حج کوٹہ جاری

انڈونیشیا کے بعد پاکستان سے سب سے زیادہ عازمین کو حجاز مقدس آنے کی اجازت ہوگی— فوٹو: فائل
انڈونیشیا کے بعد پاکستان سے سب سے زیادہ عازمین کو حجاز مقدس آنے کی اجازت ہوگی— فوٹو: فائل

جدہ: سعودی عرب نے حج 2022 کیلئے کوٹہ جاری کر دیا جس کے بعد مختلف ممالک سے اسی کوٹے کی بنیاد پر عازمین حجاز مقدس جاسکیں گے۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں مجموعی طور پر 10 لاکھ افراد دنیا بھر سے فریضہ حج ادا کریں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ رواں برس 65 سال سے کم عمر افراد حج کر سکیں گے اور ان حج کے خواہاں افراد کیلئے ضروری ہے ان کا سعودی وزارت صحت کی جانب سے منظور شدہ کورونا ویکسین کا کورس مکمل ہو۔

بیرون ممالک سے آنے والے عازمین حج کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ روانگی سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پرانی منفی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ فراہم کریں۔

اس کے علاوہ مختلف ممالک کو دیے جانے والے حج کوٹہ کی تعداد بھی سامنے آگئی ہے۔

سعودی گزٹ میں شائع رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس سال سب سے زیادہ مسلمان انڈونیشیا سے حج کیلئے آئیں گے۔ انڈونیشیا سے زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ 51 افراد کو حج کیلئے آنے کی اجازت ہوگی۔

انڈونیشیا کے بعد جس ملک سے سب سے زیادہ عازمین حج کو آنے کی اجازت دی گئی ہے وہ پاکستان ہے۔ پاکستان سے زیادہ سے زیادہ 81 ہزار 132 افراد حج کیلئے جاسکیں گے۔

اس کے علاوہ بنگلہ دیش کا حج کوٹہ 57 ہزار585، نائجیریا کا 43 ہزار 8 ہے۔ افغانستان کا حج کوٹہ 13ہزار 582 اور ترکی کا 37ہزار 770ہے۔

برطانیہ کاکوٹہ 12 ہزار 348،امریکہ 9 ہزار 504 اور فرانس کا حج کوٹہ 9 ہزار268 ہے۔

افریقی ملک انگولا سے سب سے کم  صرف 23 افراد فریضہ حج کیلئے جاسکیں گے۔

خیال رہے کہ سالانہ ہر ملک کو مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے حج کوٹہ مختص کیاجاتا ہے۔

اس سال غیر ملکی عازمین حج کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار جبکہ مقامی افراد کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار ہوگی۔

غیر ملکی کوٹے میں اس سال 45.2 فیصد کمی کی گئی ہے جس کی وجہ عالمی وبا کورونا وائرس ہے۔ کورونا وائرس سے قبل ہر ملک کا کوٹہ اس سے زیادہ ہوتا تھا۔ 2020 میں پاکستان کا حج کوٹہ تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار210 تھا۔

مزید خبریں :