24 اپریل ، 2022
سابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز صحافی کی جانب سے فرح خان سے متعلق سوال کا جواب دیے بغیر آگے چل دیے۔
وزارت عظمیٰ سے ہٹنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس میں عمران خان کو فرح خان سے متعلق کیے گئے سوال کا جواب دیے بغیر روانہ ہوتے دیکھا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پریس کانفرنس کے بعد جاتے ہوئے ایک صحافی عمران خان سے فرح خان (عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست) سے متعلق سوال پوچھتا ہے لیکن عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔
ویڈیو میں صحافی نے سابق وزیر اعظم سے ان کے دور میں صحافیوں کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے بارے میں ان کی رائے بھی پوچھی لیکن پی ٹی آئی چیئرمین نے صحافی کے اس سوال کا جواب بھی دینے سے گریز کیا اور سکیورٹی حصار میں آگے چل دیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے پریس کانفرنس کی تھی جس میں ان کا کہنا تھاکہ قومی سلامتی کمیٹی نے کنفرم کردیا کہ مداخلت ہوئی، کچھ لوگ انجانے میں اس سازش کا حصہ بنے، لندن میں جو بیٹھا تھا وہ اس سازش کا حصہ تھا، یہاں اس کا چھوٹا بھائی اور آصف زرداری سازش میں ملوث تھے۔