پاکستان
Time 25 اپریل ، 2022

دعا زہرہ لاہور سے ملی ہے یا نہیں؟ معمہ بن گیا

دعا زہرہ کے پولیس کو ملنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے: ڈی آئی جی آپریشنز لاہور۔ فوٹو: فائل
 دعا زہرہ کے پولیس کو ملنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے: ڈی آئی جی آپریشنز لاہور۔ فوٹو: فائل

کراچی سے لاپتہ ہونے والی لڑکی دعا زہرا لاہور سے ملی ہے یا نہیں؟ ایک معمہ بن گیا ہے۔

اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی لاہور سے مل گئی ہے اور اس سے لاہور ہی کے رہائشی لڑکے سے نکاح بھی کر لیا ہے۔

یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ دعا زہرہ کو لاہور پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور جلد دعا زہرہ کا ویڈیو بیان بھی جاری کیا جائے گا۔

تاہم اب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر عابد خان کا دعا زہرہ کے ملنے کے حوالے سے ایک بیان سامنے آیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر عابد خان کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کو کراچی پولیس نے لڑکی کا نکاح نامہ فراہم کیا، پولیس نکاح نامے پر ایڈریس سے لڑکی کو تلاش کر رہی ہے۔

ڈاکٹر عابد خان کا کہنا ہے کہ دعا زہرہ کے پولیس کو ملنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے، دعا زہرہ کی بازیابی کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشن کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کراچی پولیس سے مسلسل رابطے میں ہے، ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، لڑکی کو جلد تلا ش کر لیں گے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سندھ سے صوبائی وزیر شہلا رضا نے بھی دعا زہرہ کے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی نے دعا زہرہ کے ملنے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ 

یاد رہے کہ 10 روز قبل دعا زہرہ کراچی کے علاقے ملیر گولڈن ٹاؤن سے لاپتہ ہوئی تھی جس کی تلاش کے لیے پولیس اور ایف آئی اے کی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

مزید خبریں :