26 اپریل ، 2022
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کے معاملے پر ایوان صدر نے وزیر اعظم آفس کو جوابی خط لکھ دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب سے حلف نہ لینے کی آئینی وجوہات کے متعلق گورنر پنجاب کا خط وزیرِ اعظم سیکرٹریٹ کو ارسال کردیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے 23 اپریل کو صدر مملکت کو یاد دہانی کا خط لکھا تھا تاہم اب ایوان صدر کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف نہ لینے کی وجوہات بیان کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدرعارف علوی نے گورنر پنجاب کا خط اپنے نوٹ کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس بھجوا دیا اور لکھا کہ 'گورنر پنجاب کا خط اپنی وضاحت خود ہے، اسے دیکھ لیجیے'۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے خط میں لکھا تھا کہ ڈپٹی اسپیکرکا اقدام عدالت کی ہدایات اور ان کےحلف کی خلاف ورزی ہے، حمزہ شہباز کا انتخاب درست نہیں ہوا اس لیے وہ ان سے حلف نہیں لے سکتے۔ْ