26 اپریل ، 2022
پاکپتن سے ملنے والی کراچی کی رہائشی دعا زہرہ کے والدین کا کہناہےکہ ہوسکتا ہے ان کی بیٹی کی ویڈیوز بناکر اسے بلیک میل کیا گیا ہو کیونکہ دعا ویڈیو میں خوفزدہ نظر آرہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی نے بیٹی کو کراچی لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بچی کو اگر میرے پاس نہیں تو چائلڈ پروٹیکشن کےحوالے کیاجائے، مجھے ان پر پورا اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری شادی 2005 میں ہوئی، شادی کو 18 سال نہیں ہوئے تو بیٹی کیسے 18 سال کی ہوگئی؟ 27اپریل 2008 دعا کی تاریخِ پیدائش ہے۔
مہدی کاظمی نے پریس کانفرنس کے دوران دعا زہرہ کا پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ مکمل تفتیش کی جائے تاکہ معلوم ہوکہ اصل معاملہ کیا ہے، میری بیٹی سے جوکہلوایا جارہا ہے وہ اسی طرح بول رہی ہے، گیم کےاندرمیسجنگ سسٹم سے لڑکے نے میری بیٹی کوٹریپ کیا۔
اس موقع پر دعا زہرہ کی والدہ نے کہا کہ دعا کا جس نے نکاح پڑھوایا ، نکاح نامے پر اس کی مہر نہیں، میں وکیل کی بیٹی ہوں اتنا قانون میں بھی جانتی ہوں، ہوسکتا ہےمیری بیٹی کی ویڈیوز بناکر اسے بلیک میل کیا گیا ہو، میری بیٹی ویڈیو میں خوف زدہ نظر آرہی ہے۔