26 اپریل ، 2022
جامعہ کراچی میں ہونے والے خود کش دھماکےکی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز کو موصول ہوگئی۔
کراچی یونیورسٹی میں خاتون خودکش بمبار کی جانب سے چینی باشندوں کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہےکہ سفید ہائی ایس وین جامعہ کراچی کے متعلقہ شعبہ کی طرف آرہی ہے۔
گاڑی کے عقب میں موٹرسائیکلوں پر رینجرز اہلکار بھی آتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، اس دوران شعبہ کے باہر ایک لڑکی کو کھڑے دیکھا جا سکتا ہے، جونہی ہائی ایس گاڑی لڑکی کے قریب پہنچتی ہے تو خاتون خود کو دھماکے سے اڑا لیتی ہے۔
دھماکے سےگاڑی کا سیدھی طرف کا حصہ بری طرح تباہ ہوجاتا ہے،گرد و غبار کے ساتھ ہی کیمرا بند ہوجاتا ہے اور گاڑی میں آگ لگ جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں 2 چینی خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔
ایک دہشت گرد گروپ نے خودکش حملہ آور لڑکی کی تصویر جاری کرتے ہوئے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔