پاکستان
Time 27 اپریل ، 2022

جامعہ کراچی میں خود کش دھماکے سے متعلق ایک اور مبینہ کردار سامنے آگیا

جامعہ کراچی میں خود کش دھماکے سے متعلق ایک اور مبینہ کردار سامنے آ گیا ہے۔

نئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک برقع پوش خاتون جامعہ کراچی کے اندر ڈپارٹمنٹ کے گیٹ کے سامنے کھڑی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ خودکش حملہ آور خاتون رکشے سے اتر کر کچھ دور کھڑی ہو جاتی ہے، سفید اسکارف والی خاتون مبینہ حملہ آور کے پاس جاکر کچھ بات کرتی ہے اور بات چیت کے بعد حملہ آور خاتون دھماکے کی جگہ پر آ جاتی ہے۔

سامنے آنے والے شواہد کے مطابق حملہ آور خاتون نے تقریباً 9 منٹ تک وین کا انتظار کیا اور خاتون نے جامعہ میں داخل ہونے کے لیے مسکن گیٹ کا راستہ استعمال کیا۔

پولیس تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹ کے ذریعے رکشے کی تلاش جاری ہے۔

کراچی پولیس چیف کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق حملہ آور خاتون انسٹی ٹیوٹ کے گیٹ پر پہلے سے اپنے ہدف کا انتظار کر رہی تھی، چینی اساتذہ کی وین جیسے ہی گیٹ پر پہنچی، خاتون نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں تین چینی شہری اور پاکستانی وین ڈرائیور جان سے گئے، حملے میں تین سے چار کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور اسٹیل کے بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔

مزید خبریں :