Time 28 اپریل ، 2022
پاکستان

ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ، اسمبلی کا آج ہونیوالا اجلاس ملتوی

اسپیکر نے فوری طور پر اجلاس ملتوی کیے جانے کی وجہ نہیں بتائی: ذرائع/ فائل فوٹو
اسپیکر نے فوری طور پر اجلاس ملتوی کیے جانے کی وجہ نہیں بتائی: ذرائع/ فائل فوٹو

لاہور: اسپیکر  پنجاب اسمبلی نے اجلاس 16 مئی تک ملتوی کردیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس ایک بار پھر ملتوی کردیا اور اسپیکر آفس کی جانب سے اجلاس 16 مئی تک ملتوی  کیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ 

ذرائع کاکہنا ہےکہ آج پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس متوقع تھا جس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ  اور پولیس نے بھی اپنی تیاری پوری کر رکھی تھی۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر نے فوری  طور پر اجلاس  ملتوی کیے جانے کی وجہ نہیں بتائی ہے تاہم کہا جارہا ہےکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے یہ اجلاس امن و امان کی صورتحال  کے پیش نظر ملتوی کیا ہے۔

اسمبلی کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں پرویز الٰہی کاکہنا تھا کہ شریفوں نے اپنا اصل چہرہ دکھادیا ہے، (ن) لیگ آئی جی پنجاب کو استعمال کررہی ہے۔

انہوں  نے کہاکہ یہ میرا  اختیار اور  صوابدید  ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس کب بلایا  جائے۔

واضح  رہےکہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد آج پیش کی جانی تھی۔


مزید خبریں :